International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Wednesday, April 30, 2008

اکرم شہیدی نے قائم مقام سیکرٹری اطلاعات کاچارج لے لیا، مسزرضوان خان پرنسپل انفارمیشن تعینات

اسلام آباد : انفارمیشن سروس گروپ کے سینئر افسر ایم اکرم شہیدی نے منگل کے روز قائم مقام سیکرٹری اطلاعات و نشریات کا عہدہ سنبھال لیا۔ اپنی نئی ذمہ داری سے قبل وہ واشنگٹن میں منسٹر (پریس) کے عہدے پر فائز تھے جہاں انہوں نے تقریباً دو سال تک خدمات انجام دیں۔ اکرم شہیدی اس سے قبل تین سال تک پرنسپل انفارمیشن آفیسر کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں، وہ دو مرتبہ ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ ‘ پنجاب حکومت کی حیثیت سے بھی کام کر چکے ہیں۔ اپنے کیریئر کے دوران اکرم شہیدی کئی اہم عہدوں پر فائض رہے اور وہ مختلف حیثیتوں میں نہایت مستعدی سے اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے انفارمیشن سروس گروپ کے ایک دیانتدار اور فعال آفیسر کے طور پر معروف ہیں۔ انہوں نے 1975ء میں انفارمیشن گروپ میں شمولیت اختیار کی تھی۔ دریں اثناء مسز رضوان خان کو حکومت پاکستان کا پرنسپل انفارمیشن آفیسر تعینات کر دیا گیا ہے۔ وہ پاکستان کی پہلی خاتون پرنسپل انفارمیشن آفیسر ہیں۔ مسز رضوان خان انفارمیشن گروپ کی گریڈ 20 کی آفیسر ہیں اور ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل پی آئی ڈی کے طور پر فرائض سر انجام دے رہی تھیں۔ وزارت اطلاعات و نشریات نے ان کی تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ مسز رضوان خان اندرون اور بیرون ملک پبلک ریلیشننگ اور میڈیا مینجمنٹ کا 34 سالہ وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔ اپنے سروس کیریئر میں انہوں نے ہانگ کانگ اور نیویارک میں پاکستانی سفارت خانوں میں پریس اتاشی اور پریس قونصلر کی حیثیت سے خدمات سر انجام دی ہیں۔ وہ پی آئی ڈی کے علاقائی دفتر کراچی کی سربراہ بھی رہی ہیں۔ مسز رضوان خان کراچی یونیورسٹی سے ماس کمیونیکیشن میں ماسٹر ڈگری یافتہ ہیں۔ سرکاری ملازمت میں آنے سے قبل وہ ایک میگزین کی ایڈیٹر بھی رہی ہیں اور لیڈنگ اخبارات میں باقاعدگی سے ان کے آرٹیکلز شائع ہوتے رہے ہیں۔ یاد رہے مسز رضوان خان پاکستان کی پہلی خاتون اتاشی اور پریس قونصلر رہی ہیں اور اب انہیں حکومت پاکستان کی پہلی خاتون پرنسپل انفارمیشن آفیسر ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہوا ہے۔

No comments: