International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Wednesday, April 30, 2008

جنوبی وزیرستان : آپریشن کے متاثرین جنگجووٴں کو معاوضے کی رقم ادا کر دی گئی

وانا : جنوبی وزیرستان میں حکومت نے فوجی آپریشن کے دوران متاثرہونے والے مقامی طالبان کے امیر ملا نذیر اورکئی اہم کمانڈروں سمیت 150سے زائد طالبان جنگجووٴں کو معاوضے کی مد میں ایک خطیر رقم اداکردی ہے۔ گزشتہ سال جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا میں ملانذیر کی سربراہی میں طالبان کی جانب سے ازبک جنگجوٴوں کیخلاف سکیورٹی فورسز کی معاونت سے ہونے والے کامیاب آپریشن کے بعد حکومت اور مقامی طالبان نے ایک امن معاہدہ کیا تھا جس میں حکومت نے فوجی آپریشن کے دوران مقامی افراد کو پہنچنے والے جانی اور مالی نقصان کے ازالے کیلئے انہیں معاوضہ ادا کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ ایک اعلیٰ حکومتی اہلکار نے نام ظاہرنہ کرنے کی شرط پرمیڈیاکو بتایاکہ 2004ء میں جنوبی وزیرستان میں شروع کیے جانے والے فوجی آپریشن کے دوران صرف جانی نقصان کی مدمیں 500 سے زائد افراد کو20کروڑ سے زیادہ رقم ادا کر دی گئی ہے جس میں معمولی زخمی کو50ہزار، شدید زخمی کو ڈھائی لاکھ اور ہلاک ہونے والے شخص کے لواحقین کو 5لاکھ روپے ادا کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ طالبان نے حکومت کے پاس اپنے154 متاثرہ ساتھیوں کی فہرست جمع کرائی ہے جن میں سے زیادہ تر کو معاوضہ کی رقم ادا کر دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر غیر مستحق افراد کو معاوضہ کی رقم ادا کی گئی ہے اور ادائیگی سے قبل کسی قسم کی کوئی چھان بین نہیں کی گئی ہے کہ آیا درخواست دینے والے حقیقتاً آپریشن کے دوران متاثر ہوئے بھی ہیں یا نہیں۔

No comments: