International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Wednesday, April 30, 2008

آئی پی ایل:ممبئی انڈینز نے کولکتہ نائٹ رائڈرزکو شکست دیدی

کراچی : انڈین پرئمیر لیگ (آئی پی ایل) میں منگل کو کولکتہ نائٹ رائڈرز اور ممبئی انڈینز کے مابین کھیلے جانے والے میچ میں ممبئی انڈینز نے اپنی پہلی کامیابی کو 7 وکٹوں سے اپنے نام کرلیا۔ ممبئی انڈینز کی کامیابی میں براوو اور اتھاپا کی جارحانہ بیٹنگ تھی،براوو نے 64 اور اتھاپا نے 37 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے، دونوں کے درمیان 113 رنز کی وکٹری پارٹنر شپ نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی امیدوں پر پانی پھیردیا۔ ممبئی انڈینز نے ہدف کو 19ویں اوور میں حاصل کیا۔ جیو سوپر نے میچ ایڈن گارڈنز کولکتہ سے براہ راست نشر کیا جس سے شائقین کرکٹ کی دیوانگی اور جوش و خروش میں زبردست اضافہ ہوگیا، منگل کوایڈن گارڈنز کولکتہ میں تماشائیوں سے کھچاکھچ بھرے اسٹیڈیم میں خیرمقدمی نعروں اور ڈھول تاشوں کی گونج نے زبردست سماں پیدا کردیا تھا، کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے حامیوں کی خوشی اس وقت دیکھنے کے قابل تھی جب بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اپنی ٹیم کے پاس پہنچے اور ہر کھلاڑی کو گلے لگاکر میچ میں اچھی پرفارمنس دینے کا حوصلہ دیا۔کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کپتان ساروگنگولی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ہوم سائیڈ کے حامیوں کو شدید دھچکا اس وقت لگا جب جنوبی افریقی اسٹار اور ممبئی انڈینز کے قائد شان پولاک کے پہلے اوور میں کپتان گنگولی اور افتتاحی میچ میں شاندار 158رنز بنانے والے کیوی بیٹسمین برینڈن میکلم آؤٹ ہوگئے، 6رنز پر 2کھلاڑی آؤٹ ہوجانے سے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ڈریسنگ روم میں بے چینی صاف نظر آرہی تھی۔پہلے گنگولی سلپ میں سری لنکن بلے باز جے سوریا کے ہاتھوں جکڑے گئے تو کچھ ہی دیر بعد پولاک نے میکلم کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔اس موقع پر داس نے آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کے ساتھ ملکر ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے کی کوشش کی، داس نے کئی خوبصورت شاٹس کھیلے تاہم جب کولکتہ نائٹ رائیڈرز کا مجموعی اسکور چھٹے اوور میں 40رنز پر پہنچا تو داس ویسٹ انڈین بولر براوو کی گیند پر رابن اتھاپا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، وہ29 رنز بناسکے۔14ویں اوور میں 77کے مجموعے تک پہنچتے پہنچتے کولکتہ نائٹ رائیڈرز 6وکٹوں کا نقصان اٹھاچکے تھے۔پونٹنگ 19رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیوڈ ہنسی (17)اور محمد حفیظ(2)کو جے سوریا نے اپنی ساحرانہ بولنگ کا نشانہ بنایا۔جے سوریا کی شاندار بولنگ کا ثبوت ان کا وہ اوور رہا جو انہوں نے میڈن کرایا اور 2کھلاڑیوں کو واپس پویلین بھیجا۔کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے، شکلا نے سب سے زیادہ 40 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ جے سوریا نے 4 اوور میں 14 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں۔ 138 رنز کے تعاقب میں ممبئی انڈینز کی اننگز کا آغاز سری لنکن بلے باز جے سوریا اور انڈین کھلاڑی راہنے نے کیا تاہم تیسرے اوور میں 16کے اسکور پر اجیت اگرکار نے راہنے کو آؤٹ کرکے ممبئی انڈینز کو پہلا نقصان پہنچایا، راہنے کا کیچ ڈیوڈ ہنسی نے لیا۔ چوتھے اوور میں ایشانت شرما نے جارحانہ انداز اختیار کرنے والے سنتھ جے سوریا کو کلین بولڈ کردیا، جے سوریا نے 18 رنز بنائے، اس وقت ممبئی انڈینزکا اسکور 25 رنز تھا۔ 25 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد رابن اتھاپا اور براوو نے ہدف کی جانب بڑھتے ہوئے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور اپنی ٹیم کو فتح کے دروازے تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

No comments: