International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Wednesday, April 30, 2008

صدر پرویز سے وزیراعظم گیلانی کی پہلی باضابطہ ملاقات،ججوں کی بحالی پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے صدر پرویز سے صدارتی کیمپ آفس راولپنڈی جا کر پہلی باضابطہ ملاقات کی جو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ صدر اور وزیراعظم نے ججوں کی بحالی کے معاملے پر کھل کر بات چیت کی۔ ذرائع کے مطابق صدر پرویز مشرف اور وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش ہونے والے آئینی پیکیج کے نکات پر تبادلہ خیال کیا۔ بتایا گیا ہے کہ صدر پرویز اور وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ایک دوسرے کو یقین دلایا کہ دونوں رہنما آئین میں دیئے گئے اختیارات سے تجاوز نہیں کریں گے، آئین کے تحت فرائض انجام دیتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ اداروں کو تصادم سے گریز کرنا ہو گا کیونکہ یہ تصادم ملک و قوم کے وسیع تر مفادمیں نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے صدر سے ملاقات کیلئے جانے سے قبل آصف علی زرداری سے رہنمائی حاصل کی اور ملاقات کے بعد بھی دبئی میں موجود پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کو صدر کے ساتھ ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ دبئی میں حکمران اتحاد کی قیادت کے درمیان ججوں کی بحالی کے بارے میں ہونے والے مذاکرات کے دوران وزیراعظم سیدیوسف رضا گیلانی کی صدر پرویز مشرف سے یہ ملاقات سفارتی و سیاسی حلقوں کے نزدیک غیرمعمولی اہمیت کی حامل ہے۔ اس ملاقات کے اثرات پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے تعلقات پر اثرانداز ہونگے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر اور وزیراعظم نے ملک کو درپیش بجلی اورخوراک کے بحران کے حل کیلئے مشاورت کی۔ صدر پرویز نے کہا کہ وہ ان بحرانوں سے نمٹنے کیلئے دوست ممالک پر اثرو رسوخ استعمال کریں گے۔ صدر پرویز نے وزیراعظم پر واضح کیا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ پاکستان کے وسیع تر مفاد میں لڑی جا رہی ہے، نئی حکومت اس پالیسی میں جو بھی تبدیلی ترمیم کرے وہ اس کے دوررس نتائج کو ضرور مدنظر رکھے۔ ذرائع کے مطابق صدر اور وزیراعظم نے مستقبل کے سیاسی منظر نامے پر صلاح مشورہ کیا۔ وکلاء کی تحریک سے نمٹنے کیلئے بات چیت کی، مہنگائی کے خاتمے کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ صدر اور وزیراعظم نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کو کنٹرول کرنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ اس موقع پر پاک بھارت مجوزہ مذاکرات کا جائزہ بھی لیا گیا۔ صدارتی ترجمان میجر جنرل (ر) راشد قریشی نے صدر اور وزیراعظم کی ملاقات کے حوالے سے ”جنگ“ کو بتایا کہ یہ ایک مشاورتی ملاقات تھی جو دو گھنٹے تک جاری رہی۔ اس ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور خاص طور پر امن و امان  داخلی سلامتی اور دہشت گردی کے حوالے سے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات میں صدر اور وزیراعظم نے اہم قومی امور پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

No comments: