International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Wednesday, April 30, 2008

زرداری پی سی او ججوں کو بچانا چاہتے ہیں،وکلاء تنظیمیں

کراچی: سندھ کی وکلاء تنظیموں نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی کامیابی وکلاء تحریک کی مرہونِ منّت ہے،پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری پی سی او ججوں کو بچانا چاہتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ بار، کراچی بار اور ملیر بار ایسوسی ایشن کے وکلاء نے منگل کو علامتی بھوک ہڑتال کی ۔بار کونسلوں کے دفاتر میں جنرل باڈی اجلاس منعقد کئے گئے ،سندھ کی تمام وکلاء تنظیموں نے اجلاسوں میں اعلان کیا کہ حکمرانوں کو معاہدہ مری سے ہٹنے نہیں دیا جائے گا، ججز بحال نہ ہوئے تودمادم مست قلندر ہوگا،ایک ماہ کی ڈیڈ لائن ہم نے نہیں حکمرانوں نے دی تھی۔ہائی کورٹ بار کے عہدیدار سرور محمد خان نے وکلاء کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا کہ معاہدہ مری کی تاریخ قوم کے سامنے لیڈروں نے دی تھی 30 اپریل بحالی کی آخری تاریخ ہے آج ججز بحال نہ ہوئے تو ہماری تحریک کامیابی تک جاری رہے گی۔ آصف زرداری پی سی او کے تحت حلف اٹھانے والے ججوں کو بچانا چاہتے ہیں لیکن عدلیہ تحریک کی کامیابی یقینی ہے۔ وکلاء کو متحد ہو کر تحریک کو کامیاب کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں سیاسی جماعتوں کی کامیابی وکلاء تحریک کی مرہون منت ہے۔ ججوں کو بحال نہ کیا گیا تو یہ 16 کروڑ عوام سے غداری ہوگی۔

No comments: